متحدہ عرب امارات میں ویزا قوانین میں بڑی ترامیم، نئی کیٹیگریز کا اعلان

پیر 29 ستمبر 2025 16:31

متحدہ عرب امارات میں ویزا قوانین میں بڑی ترامیم، نئی کیٹیگریز کا اعلان
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) متحدہ عرب امارات میں ویزا قوانین میں بڑی ترامیم کرتے ہوئے نئی کیٹیگریز کا اعلان کیا گیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی نے انٹری ویزا سے متعلق نئے ضوابط اور ترامیم کا اعلان کیا ہے جن کے تحت مختلف کیٹیگریز میں نئی سہولتیں شامل کی گئی ہیں۔

نئے ضوابط میں چار نئی وزٹ ویزا کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں جو مصنوعی ذہانت کے ماہرین، انٹرٹینمنٹ اور ایونٹس، کروز شپ اور لیژر بوٹس کے شعبوں کے لیے مخصوص ہیں۔اتھارٹی نے ایک انسانی بنیادوں پر رہائشی اجازت نامہ بھی متعارف کرایا ہے جو ایک سال کے لیے دیا جائے گا جس کی مخصوص شرائط کے تحت توسیع کی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح غیر ملکی بیوہ یا طلاق یافتہ خواتین کے لیے ایک سال کا رہائشی اجازت نامہ دیا جائے گا جسے مقررہ شرائط کے تحت مزید ایک سال کے لیے تجدید کیا جا سکے گا۔

ایک اور سہولت کے تحت دوست یا رشتہ دار کے وزٹ ویزا کی شق متعارف کرائی گئی ہے جو کسی شخص کو تیسرے درجے تک کے دوست یا رشتہ دار کو اپنی کفالت پر بلانے کی اجازت دے گی بشرطیکہ کفیل کی آمدنی مقررہ معیار پر پوری اترتی ہو۔بزنس ایکسپلوریشن ویزا کے لیے مالی طور پر مستحکم ہونا ضروری ہے تاکہ نئی کمپنی قائم کی جا سکے یا کسی غیر ملکی کمپنی میں شیئر ہولڈنگ یا پیشہ ورانہ تجربے کا ثبوت دیا جا سکے۔ اسی طرح ٹرک ڈرائیور ویزا کے لیے کفیل کا ہونا، طبی اور مالی ضمانتیں لازمی قرار دی گئی ہیں۔اتھارٹی کے مطابق نئے ضوابط میں ہر ویزا کیٹیگری کے لیے قیام کی مدت اور اس میں توسیع کی شرائط بھی واضح طور پر درج کی گئی ہیں۔