ق*پنجاب بھر میں وائلڈ لائف رینجرز کی کارروائیاں، درجنوں شکاری گرفتار اور جرمانے

ًلاہور، ملتان، بہاولپور سمیت مختلف ریجنز میں نیٹنگ گیئرز ضبط، شکاریوں پر ساڑھے 11 لاکھ روپے کا جرمانہ ۷بازیاب بٹیر قدرتی ماحول میں آزاد، نیل گائے کا بچہ اور اژدھا بھی ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل،ترجمان

اتوار 28 ستمبر 2025 19:45

Lلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2025ء) سنیئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبے بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار و کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی قیادت میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سالٹ رینج، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ریجنز میں کارروائیوں کے دوران بٹیر اور فالکن کے 62 نیٹنگ گیئرز ضبط کر لیے گئے جبکہ 57 غیر قانونی شکاریوں کے خلاف چالان کیا گیا۔

متعدد ملزمان کو ساڑھے 11 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا اور بقیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی۔ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ڈاکٹر غلام رسول کی سربراہی میں ننکانہ صاحب میں کارروائی کے دوران فالکن اور بٹیر کے نیٹنگ گیئرز ضبط کر کے دو پارٹیوں پر 2 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بہاولپور ڈویژن میں سید علی عثمان بخاری کی نگرانی میں 25 نیٹنگ گیئرز ضبط، 12 شکاریوں کا چالان اور 6 لاکھ 66 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ درجنوں بٹیر قدرتی ماحول میں آزاد کیے گئے اور ایک نیل گائے کا بچہ بھی ریسکیو کیا گیا۔

اسی طرح ملتان ریجن میں ڈاکٹر سجاد حسین کی نگرانی میں 30 بٹیر اور 2 فالکن کے نیٹنگ گیئرز ضبط کیے گئے، جبکہ ڈی جی خان ریجن میں سخی محمد جوئیہ نے 30 نیٹنگ گیئرز ضبط کیے اور 2 کیس نمٹا کر 65 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ساہیوال ریجن میں راجہ محمد احسان کی سربراہی میں بٹیر کے 4 نیٹنگ گیئرز ضبط کیے گئے۔ گجرات ریجن میں سید عثمان الحسن نے 4 شکاری گرفتار کر کے 70 ہزار روپے جرمانہ کیا۔

فیصل آباد میں اسسٹنٹ چیف نمرہ رشید نے 3 نیٹنگ گیئرز ضبط، 20 بٹیر بازیاب کر کے آزاد کیے اور مرغابی کے غیر قانونی شکار پر ایک شخص کو 52 ہزار روپے جرمانہ کیا۔مزید برآں نارووال میں ارشد ناز نے اپنے مسکن سے بھٹکے ہوئے ایک اژدھے کو بحفاظت ریسکیو کر کے جنگل میں چھوڑا۔ جہلم میں مرزا عابد حسین نے فالکن کے آلات ضبط کیے اور خرگوش کے ایک شکاری کو 60 ہزار روپے جرمانہ کیا۔محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق غیر قانونی شکار کے خلاف یہ کریک ڈاؤن صوبے بھر میں جاری رہے گا تاکہ جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔