پاکستان اور اٹلی کے درمیان ماربل سیکٹر ، آئی ٹی اور رینیوایبل انرجی کے شعبوں میں کاروباری فروغ کی بڑی گنجائش موجود ہے،خادم حسین

اتوار 28 ستمبر 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈ اور سابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی تجارت کا حجم بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے ،پاکستان سے بڑے پیمانے پر ماربل کی برآمدات کی جا سکتی ہے ۔

ا ن خیالات کا اظہارا نہوں نے اٹلی کے شہر کورونامیں ماربل کی عالمی نمائش میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خادم حسین نے کہا کہ 2021میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 1.52ارب یورو تھا جسے 6ارب یورو سالانہ تک بڑھانا ممکن ہے ،اٹلی یورپی منڈی میں دوسرا بڑا برآمدی مقام بن چکا ہے ،معاشی ترقی کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پاکستان اور اٹلی کے درمیان ماربل سیکٹر ، آئی ٹی اور رینیوایبل انرجی کے شعبوں میں کاروباری فروغ کی بڑی گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماربل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس کے لئے اٹلی بہترین مارکیٹ ثابت ہو سکتا ہے ۔ اٹلی کی ماربل انڈسٹریز کے تجربہ اور ریسرچ سے استفادہ کر کے ملکی ماربل مصنوعات کی بیرون ملک برآمدات میں اضافہ ممکن ہے جس سے ملک کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہو گا ۔پاکستان کی ماربل انڈسٹری تیزی سے ترقی کررہی ہے اور اٹلی پاکستان کے ماربل سیکٹر میں بھرپور تعاون کے لئے تیار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی میں پاکستانیوں کی تعداد اڑھائی لاکھ سے تجاوز کررہی ہے ، پاکستانی افرادی قوت انتہائی محنتی ہے اس وجہ سے انہیں اٹلی کے عوام نے خوشدلی سے اٹلی کا حصہ بنایا ہے،اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کا حجم 711.7ملین ڈالرز تک پہنچ چکا ہے ،اس لحاظ سے اٹلی عالمی سطح پر ترسیلات زر کے حوالے سے یورپی یونین میں سرفہرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان سماجی ، سیاسی ، اقتصادی ، ثقافتی شعبوں میں خوشگوار تعلقات اور تعاون کی ایک اچھی تاریخ ہے ۔