متحدہ عرب امارات کا 4 نئی وزٹ ویزہ کیٹیگریز کا اعلان

انسانی بنیادوں پر ایک سال کی مدت کیلئے ریزیڈنس پرمٹ بھی متعارف کروایا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 ستمبر 2025 12:32

متحدہ عرب امارات کا 4 نئی وزٹ ویزہ کیٹیگریز کا اعلان
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2025ء ) متحدہ عرب امارات نے انٹری پرمٹ میں ترامیم کے ساتھ چار نئی وزٹ ویزہ کیٹیگریز کا اعلان کردیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی طرف سے پیر کے روز چار نئی وزٹ ویزہ کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں، جو وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کے ذریعے متعارف کرائے گئے انٹری ویزہ کے ضوابط میں کچھ ترامیم اور اضافے کا حصہ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ خلیجی ملک ایک سال کی مدت کے لیے انسانی بنیادوں پر رہائشی اجازت نامہ بھی متعارف کرائے گا، جس میں مخصوص شرائط کے تحت اتھارٹی کے فیصلے کے ذریعے توسیع کا بھی امکان ہوگا، دیگر تبدیلیوں میں غیر ملکی بیوہ یا طلاق یافتہ خاتون کے لیے ایک سال کے لیے رہائشی اجازت نامہ جاری کرنا شامل ہے، ممکنہ طور پر اسی مدت کے لیے تجدید بھی ہوسکے گی، اس کے علاوہ کسی دوست یا رشتہ دار کے لیے تھرڈ ڈگری تک کا وزٹ ویزہ اب سپانسر کی آمدنی کی بنیاد پر ان کی کفالت کی اجازت دے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے داخلے کے اجازت نامے کے لیے درخواست دینے والوں کو اب اپنے پاسپورٹ کے بیرونی کور پیج کی کاپی بھی جمع کرانا ہوگی، جس کو گزشتہ ہفتے سے ضروریات میں شامل کیا گیا ہے، اس حوالے سے ٹریول ایجنسیوں سے متعلقہ اداروں کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کی روشنی میں اب ویزہ کی درخواست کے ساتھ بیرونی کور پیج بھی اپ لوڈ کیا جارہا ہے کیوں کہ اب تمام انٹری پرمٹ درخواستوں کے لیے پاسپورٹ کے بیرونی کور پیج کو منسلک کرنا لازمی ہے جو کہ فوری طور پر نافذ العمل ہے، اب سے انٹری پرمٹ کے لیے درخواست دینے والوں کو اپنے پاسپورٹ کی کاپی، پاسپورٹ کے سائز کی واضح تصویر، ہوٹل کی بکنگ کی تصدیق، راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ کی کاپی اور پاسپورٹ کے بیرونی کور پیج کی کاپی لازمی جمع کرانا ہوگی۔