جرمنی افغانستان کے ساتھ ڈیپورٹیشن معاہدے کا خواہاں

DW ڈی ڈبلیو پیر 29 ستمبر 2025 12:00

جرمنی افغانستان کے ساتھ ڈیپورٹیشن معاہدے کا خواہاں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 29 ستمبر 2025ء) وفاقی جرمن وزیر داخلہ الیگزانڈر ڈوبرنٹ نے جرمن اخبار بلڈ ام زونٹاگ کو بتایا کہ جرمنی کابل سے براہِ راست مذاکرات کرے گا تاکہ ان افغان شہریوں کو واپس بھیجا جا سکے جو جرمنی میں جرائم کے مرتکب پائے گئے ہیں یا جنہیں سلامتی کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔

ڈوبرِنٹ نے اخبار کو بتایا، ''کابل کو ڈیپورٹیشنز باقاعدگی سے ممکن ہونی چاہئیں! اسی لیے ہم اب کابل سے براہِ راست بات چیت کر رہے ہیں تاکہ مجرموں اور خطرناک افراد کو مستقبل میں مستقل طور پر واپس بھیجا جا سکے۔

‘‘

رپورٹ کے مطابق، وزارتِ داخلہ کے حکام اکتوبر میں کابل جائیں گے تاکہ ان افغان شہریوں کی واپسی پر بات کی جا سکے جنہیں جرائم میں سزا ملی ہے یا سلامتی کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک بدری کے لیے خصوصی چارٹرڈ فلائٹس کے بجائے عام کمرشل پروازیں استعمال کی جائیں گی۔

جرمنی پہلے ہی جولائی میں درجنوں افغان باشندوں کو ملک بدر کر چکا ہے۔

ڈیپورٹیشن منصوبے کی سخت تنقید

انسانی حقوق اور پناہ گزینوں کی تنظیموں نے جرمنی کے اب تک کیے گئے دو ڈیپورٹیشن آپریشنز پر شدید تنقید کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ افغانستان طالبان کی سخت گیر حکومت کے تحت غیر محفوظ ہے، جو 2021 میں دوبارہ اقتدار میں آئے تھے۔

جرمنی کی گرین پارٹی اور لیفٹ پارٹی دونوں نے ڈوبرِنٹ کے طالبان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے منصوبے پر کڑی تنقید کی۔

گرین پارٹی کے رکن مارسل ایمرش نے کہا، ''طالبان کے ساتھ معاہدہ کرکے ڈوبرِنٹ خود کو ایک اسلام پسند تنظیم کا محتاج بنا رہے ہیں اور اس کا درجہ بڑھا رہے ہیں۔ یہ ان تمام لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو برسوں سے طالبان کے خلاف جمہوریت کے لیے لڑتے رہے ہیں۔‘‘

لیفٹ پارٹی کی رہنما کلارا بونگر نے اخبار رائنشے پوسٹ کو بتایا، ''جو کوئی طالبان سے مذاکرات کرتا ہے وہ دہشت گردوں کو جائز اور معمول کے مطابق ثابت کرتا ہے۔

یہ مذاکرات دراصل بڑے پیمانے پر ان ملک بدریوں کی تیاری ہیں جنہیں ایک ایسے ملک بھیجا جائے گا جہاں تشدد، سرعام سزائیں اور کوڑوں کی سزا روزمرہ کا معمول ہے۔ جو بھی ایسے معاہدے کرتا ہے وہ شریکِ جرم ہے۔‘‘

تاہم قدامت پسند جماعت، جس سے ڈوبرنٹ کا بھی تعلق ہے، کے نمائندے الیگزینڈر تھروم نے وزیرِ داخلہ کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا، ''پناہ گزین جو یہاں جرائم کرتے ہیں انہیں اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد ملک چھوڑنا ہوگا۔ یہ شامی اور افغانی افراد پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ صرف اسی طرح ہمارا پناہ گزینوں کا نظام عوام میں قبولیت کے ساتھ برقرار رہ سکتا ہے۔‘‘

برلن کا کابل سے رابطہ

طالبان کے ساتھ رابطے متنازع ہیں کیونکہ جرمنی کے ان کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

طالبان اگست 2021 میں دوبارہ اقتدار میں آئے اور انسانی حقوق، خصوصاً خواتین کے خلاف سخت پابندیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر الگ تھلگ ہیں۔

اب تک برلن صرف قطر کے ذریعے ہی افغان مجرموں کو واپس بھیج سکا ہے کیونکہ جرمنی کے طالبان حکومت سے کوئی باضابطہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے جرمنی اب تک قطر کی مدد سے صرف دو بار افغان شہریوں کو ملک بدر کر سکا ہے۔ اگست 2024 میں 28 مجرموں کو کابل بھیجا گیا تھا جبکہ جولائی میں 81 افغان مرد، جن پر قتل، جنسی جرائم، تشدد اور منشیات کے جرائم ثابت ہوئے تھے، واپس بھیجے گئے۔

ادارت: صلاح الدین زین