راولپنڈی میں قتل، ڈکیتی اور چوری کے مقدمات میں اہم گرفتاریاں، ملزمان سے نقدی و مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد

پیر 29 ستمبر 2025 16:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) راولپنڈی پولیس نے قتل، ڈکیتی اور چوری کے مقدمات میں اہم کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے نقدی، مسروقہ موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق پیرودھائی میں 15 سالہ لڑکے کے قتل کا واقعہ سامنے آیا جس پر سی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی راول سے رپورٹ طلب کی اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

صادق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئےموٹرسائیکل چوری میں ملوث 2 رکنی گینگ گرفتار کر کے 9 مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر لیں جبکہ ڈکیتی کی واردات میں مطلوب 2 اشتہاریوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر کے چھینی گئی 2 لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم برآمد کر لی گئی۔اسی طرح تھانہ گنجمنڈی پولیس نے 8 روز قبل جائیداد کے تنازع پر اپنے والد کو زخمی کرنے والے بیٹے کو گرفتار کر لیا جبکہ مورگاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو حراست میں لے کر 5 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوانے کے لیے عدالت کے روبرو پیش کیا جا رہا ہے۔