کمشنر سرگودھا کی زیرِ صدارت مختلف محکموں کو دیئے گئے اہداف پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس

پیر 29 ستمبر 2025 23:22

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کو دئیے گئے اہداف پر ایک ہفتے کی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس کو سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے، میگا سیوریج پراجیکٹ اور ٹرانسپورٹ کے معاملات پر بریف کیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے شہر کے میگا سیوریج منصوبے اور عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے رپورٹ دی۔

سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں کے فنکشنل ہونے کے بعد مزید 27 بسیں بھی جلد فراہم کر دی جائیں گی جس سے شہر کا کوٹہ مکمل ہو جائے گا۔ لاری اڈا پر 10 چارجرز بھی اتوار تک نصب کر دیے جائیں گے۔ کمشنر نے سٹی ایریاز میں بسوں کے لیے شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ 47 پل پر قائم نجی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف مقررہ وقت گزرنے کے بعد بلا تفریق کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ وہ بس اڈا مالکان سے مسلسل رابطے میں رہیں اور انہیں شہر سے باہر منتقلی کی یاد دہانی کراتے رہیں۔ اجلاس میں شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایم او پی نے جنرل بس اسٹینڈ روڈ پر قائم مختلف ہسپتالوں کے پارکنگ ایریاز کے سروے اور کارروائی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن اسپتالوں کے پاس پارکنگ ایریا موجود نہیں وہاں ضابطہ کے تحت کارروائی جاری ہے۔

کمشنر نے چاروں بلڈنگ انسپکٹرز کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وارننگ دی کہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ورنہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ منظور شدہ بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔ اجلاس میں مویشیوں کے شہر سے انخلا کے آپریشن پر بھی بات ہوئی اور ایم او آر کو قابل عمل پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

مزید فیصلہ ہوا کہ گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2، سلانوالی روڈ اور پرانا پٹی روڈ منڈی روڈ پر قائم ماڈل بازاروں کو بھی جلد خوبصورت اور فنکشنل کیا جائے گا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ ریڑھی والوں کا روزگار ختم کرنا مقصد نہیں بلکہ ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیوں کو باقاعدہ منظم کرنا ہے۔ ایکسین ہائی ویز نے اجلاس کو بتایا کہ خوشاب روڈ پر پرسٹیرین برج کی تعمیر ومرمت مکمل ہو چکی ہے اور تصویری ثبوت بھی پیش کیے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں پیچ ورک کے لیے ٹینڈرز جاری کیے جا چکے ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ یہ کام جیﺅ ٹیگنگ کے ساتھ کیا جائے۔ڈی جی پی ایچ اے نے شجرکاری مہم اور دیگر جاری منصوبوں پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 20 ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔ ایس ڈبلیو ایم سی کی ایک ہفتے کی سرگرمیوں کی تفصیلات بھی اجلاس میں پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، سی او ایم سی ماجد بن احمد، ہائی ویز، آر ٹی اے، اے ڈی سی آر اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :