اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد میں اہم کردار ادا کیا ہے، ملک کو ثقافتی، سماجی اور معاشی اعتبار سے آراستہ کیا ہے۔مسیحی سماجی کارکن رومانہ بشیر

پیر 29 ستمبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) مسیحی سماجی کارکن رومانہ بشیر نے کہا ہے کہ اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک کو ثقافتی، سماجی اور معاشی اعتبار سے آراستہ کیا ہے۔ ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رومانہ بشیر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے جن میں مذہبی آزادی، قانون کے سامنے مساوات اور امتیاز کے خلاف تحفظ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی یکجہتی اور اشتراک کار کو فروغ دینا قومی اتحاد، امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی آگاہی مہمات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پروگرام شروع کرے جو معاشرے میں رواداری اور اشتراک کار کو فروغ دیں سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی پیغام امن کمیٹی کے قیام اور کمیٹی میں اقلیتی ارکان کی شمولیت کو سراہا اور اگست میں ایوان بالا میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پیش کی جانے والی قرارداد کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب میں قائد اعظم کے 11 اگست کے خطاب اور اقلیتوں کے حقوق کو شامل کیا جائے تا کہ مساوات کو پروان چڑھایا جا سکے، وہ انصاف، مساوات اور شمولیت کے اصولوں کو قائد اعظم کے وژن اور آئین کی ضمانت کے مطابق برقرار رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے تاریخی خطاب میں 11 اگست 1947ء کو واضح طور پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے تمام شہریوں کو مذہب ، ذات یا عقیدے سے بالاتر ہو کر قانون کے تحت یکساں حقوق، آزادیاں اور تحفظ حاصل ہوں گے اور یہ امر ہماری اقلیتوں کے لئے پالیسی کی کلیدی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے اب تک اقلیتوں نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک کو ثقافتی، سماجی اور معاشی اعتبار سے آراستہ کیا ہے۔ \395