گردشی قرضہ ختم کرنے کے نام پر عوام پر نیا بوجھ ڈالا گیا‘ شمس کرد

پیر 29 ستمبر 2025 21:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) جمہوری وطن پارٹی کے سابق مرکزی ترجمان میرشمس کرد نے وفاقی وزیرِ پانی و بجلی سردار اویس لغاری کے بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کے نام پر عوام کو مزید لوٹنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی مافیا اور طاقتور طبقات کو فائدہ پہنچانے کے لیے نئی اسکیمیں بنائی جا رہی ہیں جبکہ غریب صارفین کو بلوں اور سرچارجز کی شکل میں قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

میرشمس کرد نے کہا کہ ’’یہ دعویٰ کہ عوام پر کوئی نیا بوجھ نہیں ڈالا جا رہا، سراسر جھوٹ ہے۔ حکومت نے اپنی پالیسیوں کی ناکامی کو چھپانے کے لیے بینکوں سے معاہدے کر کے عوام کی جیب پر ہاتھ ڈالا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ کرپشن اور نااہلی کا خمیازہ غریب اور متوسط طبقہ ہی بھرتا ہے، جبکہ اصل بجلی چوروں اور مافیاز کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ گردشی قرضہ صفر کرنے کے دعوے محض سیاسی ڈرامہ ہیں، اصل مقصد مزید قرضے لینا اور عوام کو مقروض کرنا ہے۔ میرشمس کرد نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے شعبے میں شفاف اصلاحات کی جائیں، بجلی مافیا کے خلاف کارروائی ہو اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔