وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ انقلاب برق رفتاری سے جاری ہے‘ مریم اورنگزیب

حکومت نے جدید، محفوظ ،ماحول دوست سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کر دئیے ہیں

پیر 29 ستمبر 2025 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ انقلاب برق رفتاری سے جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے شہریوں کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ میانوالی، وزیرآباد، سرگودھا، ساہیوال سے ڈی جی خان اور اب فیصل آباد تک ترقی کا یہ سفر رکے گا نہیں، ہمارا عزم ہے کہ ہر شہری کو جدید سہولیات اور بہتر معیارِ زندگی فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ جدید، صاف اور وائی فائی سے مزین بسیں خواتین کے لیے محفوظ، باوقار اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کی گی ہے، جو نہ صرف روزگار اور تعلیم کے مواقع بڑھائیں گی بلکہ اعتماد کے نئے دروازے بھی کھولیں گی۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام شہروں میں آلودگی کے بوجھ کو کم کرے گا، ٹریفک میں روانی لائے گا اور ہر شہری کو آرام دہ و محفوظ سفر فراہم کرے گا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ "وزیراعلی مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق فیصل آباد سمیت پورے پنجاب کو جدید، محفوظ اور خوشحال سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدامات صوبے کی معاشی سرگرمیوں کو تیز کریں گے اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لائیں گے۔