سہالہ پولیس اور ہومی سائیڈ یونٹ کی بڑی کارروائی، قتل کیس کا اشتہاری مجرم گرفتار

پیر 29 ستمبر 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ سہالہ اور ہومی سائیڈ یونٹ نے قتل کے مقدمہ میں مفرور اشتہاری مجرم ناصر محمود کو گرفتار کر لیا۔ سہالہ پولیس ٹیم نے انٹرپول کی مدد سے اشتہاری مجرم کو سعودی عرب سے ڈیپورٹ کرایا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم ناصر محمود نے 2010 میں سہالہ کالج کے انسپکٹر راجہ ظہور کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جس کے بعد وہ سعودی عرب فرار ہوگیا تھا۔

جدید تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر کی جانے والی تفتیش کے بعد پولیس نے اشتہاری مجرم کو گرفتار کیا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا اور مجرم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔