جاپان کی اگست میں فیکٹری آؤٹ پٹ میں توقعات سے زیادہ کمی

منگل 30 ستمبر 2025 10:40

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) جاپان کی معیشت کو دباؤ کا سامنا ہے اور اگست میں فیکٹری پیداوارتوقعات سے زیادہ کم ہوئی جبکہ ریٹیل سیلز تین سال سے زائد عرصے بعد پہلی مرتبہ گر گئیں۔ رائٹرز کے مطابق یہ بات منگل کو جاری ہونے والے سرکاری اعدادوشمار میں بتائی گئی ہے ، اس صورتحال نے معاشی امکانات کے بارے میں غیر یقینی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

وزارت معیشت، تجارت و صنعت کے مطابق صنعتی پیداوار میں اگست کے دوران پچھلے مہینے کے مقابلے میں 1.2 فیصد کمی ہوئی جو مارکیٹ کے اندازے 0.8 فیصد سے زیادہ تھی۔وزارت نے بتایا کہ مینوفیکچررز سیزن کے حساب سے ایڈجسٹڈ بنیاد پر ستمبر میں 4.1 فیصد اضافہ اور اکتوبر میں 1.2 فیصد نمو کی توقع کر رہے ہیں تاہم پیداوار کے بارے میں محتاط رویہ برقرار ہے۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق الیکٹریکل مشینری اور انفارمیشن و کمیونیکیشن الیکٹرانکس آلات کی پیداوار بشمول لیپ ٹاپ کمپیوٹرز، جولائی کی دباؤ والی طلب کے بعد اگست میں 5.7 فیصد گر گئی جبکہ فیبریکیٹڈ میٹل پروڈکشن میں 7.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم موٹر وہیکل پروڈکشن میں اگست کے دوران 2.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور بیرون ملک فروخت کے لیے ماڈلز کی پیداوار بڑھی اور پرزہ جات کی قلت میں کمی آئی۔

موڈی کی اینالیٹکس کے ماہر اسٹیفن اینگرک نے کہاکہ جاپانی مینوفیکچررز ہر طرف سے دباؤ میں ہیں، امریکی درآمدی ٹیرف شپمنٹس کو متاثر کر رہے ہیں۔مزید برآں، اعدادوشمار کے مطابق اگست میں ریٹیل سیلز میں 1.1 فیصد کمی ہوئی جو گزشتہ 42 ماہ میں پہلی گراوٹ ہے، اس کمی کی بڑی وجہ گاڑیوں کی کمزور فروخت رہی جبکہ مارکیٹ نے 1 فیصد اضافے کی پیشگوئی کی تھی۔بینک آف جاپان کے گورنر کازوؤ اوئیڈا نے رواں ماہ کہا تھا کہ اگر معیشت اور قیمتیں پیشگوئی کے مطابق رہیں تو شرح سود بڑھائی جا سکتی ہے لیکن انہوں نے زور دیا کہ امریکی ٹیرف کے اثرات کو سمجھنے کے لیے مزید ڈیٹا کا انتظار کیا جائے گا۔