جنوبی کوریا میں استعمال شدہ کاروں کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ

منگل 30 ستمبر 2025 11:34

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) جنوبی کوریا میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمدات 72 فیصد بڑھ کر 3.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں اور استعمال شدہ کاروں کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ امریکی ٹیرف سے نئی گاڑیوں کی فروخت پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔رائٹرز کے مطابق انچیون کے ساحلی علاقے میں واقع ملک کے سب سے بڑے استعمال شدہ کاروں کے ایکسپورٹ حب سے ہزاروں گاڑیاں مسلسل برآمد کے لیے تیار کی جا رہی ہیں اور گاڑیوں کو کنٹینرز میں لوڈ کرنے کا کام دن رات جاری ہے۔

تاجر کیون سول، جو ہر ماہ 100 استعمال شدہ گاڑیاں برآمد کرتے ہیں، نے کہاکہ ہمارے لیے خود یہ کہنا عجیب لگتا ہے کہ یہ صنعت ایک اسٹار ایکسپورٹ آئٹم ہے لیکن اعداد و شمار میں مسلسل اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم ملکی برآمدات میں بڑا کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 25 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد سے امریکا کو جنوبی کوریا کی نئی گاڑیوں کی برآمدات چھ ماہ سے مسلسل گر رہی ہیں تاہم وزارت تجارت اور کسٹمز کے اعدادوشمار کے مطابق استعمال شدہ گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت نے عالمی سطح پر برآمدات کو سہارا دیا ہے جو مجموعی آٹو ایکسپورٹس کا 25 فیصد حجم اور 13 فیصد مالیت پر مشتمل ہیں۔

اگست میں جنوبی کوریا کی کل کار برآمدات 5.5 ارب ڈالر رہیں جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ اور تاریخ کی بلند ترین سطح ہے، اسی ماہ استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمدات 35 فیصد بڑھ کر 711.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ماہرین کے مطابق اس تیزی کی بڑی وجہ روس اور مشرقِ وسطیٰ میں ہونڈائی اور ’’کیا‘‘ کی پرانی گاڑیوں کی بڑھتی طلب ہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جنوبی کوریا زیادہ تر استعمال شدہ گاڑیاں مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا اور روس کو برآمد کرتا ہے، ان منڈیوں میں کورین گاڑیاں جاپانی گاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ پرکشش ہیں کیونکہ وہ دائیں ہاتھ کی ڈرائیونگ کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں جبکہ جاپان میں بائیں ہاتھ کی ڈرائیونگ رائج ہے۔

جنوبی کوریا کی سب سے بڑی نئی کار برآمدی منڈی امریکا ہے لیکن یہاں 25 فیصد ٹیرف اب بھی جاپانی اور یورپی گاڑیوں پر لاگو 15 فیصد شرح سے زیادہ ہے ۔کوریائی استعمال شدہ کار ڈسٹری بیوشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر شن ہیون دو کے مطابق اگر امریکا نئے کار ٹیرف مزید بڑھاتا ہے تو عالمی سطح پر گاڑیوں کی قیمتیں بڑھیں گی جس کے ساتھ ہی استعمال شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

ادارے کے اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمدات 72 فیصد بڑھ کر 3.9 ارب ڈالر تک پہنچیں جن میں 437,151 گاڑیاں شامل تھیں جو حجم کے لحاظ سے کل آٹو ایکسپورٹس کا تقریباً ایک چوتھائی ہے۔مزید برآں، جنوری تا جون مشرقِ وسطیٰ کو نئی گاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ استعمال شدہ گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ روس کو ماہانہ اوسط برآمدات میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔