لاہور سنٹرل پولیس آفس میں تقریب،آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے 54 افسران کو انسپکٹر کے رینک لگائے

منگل 30 ستمبر 2025 11:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) لاہورسنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگانے کی تقریب منگل کو منعقد ہوئی ،آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے 54 افسران کو انسپکٹر کے رینک لگائے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فیصل آباد ریجن کے29، ساہیوال 19 اور شیخوپورہ ریجن کے 6 پولیس افسران کو پروموشن رینک لگائے گئے،پروموٹ ہونے والے افسران کے والدین، بچوں اور اہلخانہ کی بڑی تعدادنے تقریب میں شرکت کی۔

آئی جی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کی بھرپور سرپرستی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور حکومت پنجاب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، وزیر اعلیٰ نے پولیس کو ہیومن ریسورس، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی کےلئے بھرپور معاونت فراہم کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز کرائم برخلاف پراپرٹی کے معاملات میں فوری طور پر ایف آئی آرز درج کریں، سابقہ دشمنی پر قتل کے واقعات کے تدارک کے لئے موثر انسدادی اقدامات عمل میں لائیں، پروموشن سے افسران کو عزت دی، بہترین رویے سے شہریوں اور سائلین کو یہی عزت دیں۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پروموشنز، ویلفیئر اور موٹیویشن کے بدلے پاکستانیوں کی بے لوث خدمت یقینی بنائیں۔ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ ون اینڈ ٹو، اے آئی جیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز بھی تقریب میں موجود تھے۔