میوزک شو پاکستان آئیڈل 2025 کا دھماکے دار آغاز 4 اکتوبر سے ہوگا

منگل 30 ستمبر 2025 17:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء) انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں اور پاکستان کے سب سے بڑے میوزک شو پاکستان آئیڈل 2025 کا دھماکے دار آغاز 4 اکتوبر سے ہورہا ہے۔ میوزک کے دیوانوں کیلئے سجایا جانے والا سب سے بڑا شو سب سے پہلے پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل جیو ٹی وی سے نشر کیا جائے گا۔ دوسری طرف نوجوانوں کی دھڑکنیں تیز، سانسیں بے قابو اور ہر نوجوان کی آنکھوں میں خواب بھی جگمگانے لگے ہیں کیونکہ میوزک کی سب سے بڑا مقابلہ ایک بار پھر اسکرینوں پر جگمانے آرہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان آئیڈل میں استاد راحت فتح علی خان، فواد خان، زیب بنگش اور بلال مقصود ججز کے فرائض انجام دیں گے جبکہ توانائی اور مزاح کے بادشاہ شفاعت علی میزبانی کریں گے۔

(جاری ہے)

ججز کے تجربے، سریلی موجودگی اور کرشمہ ساز فیصلوں کے ساتھ اسٹیج پر وہ جادو چلے گا جو ناظرین نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان آئیڈل کے آڈیشنز کا سکھر سے آغاز ہوا تھا، ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی سے سیکڑوں نوجوانوں نے اس میوزک آڈیشنز میں حصہ لیا اور انتظامیہ نے پورے ملک سے اِنتہائی سریلی آوازوں کو یکجا کرلیا۔

معذور اور بصارت سے محروم لیکن میوزک کا جنون رکھنے والے نوجوانوں نے بھی ان آڈیشنز میں حصہ لیا تھا۔ ہر شہر سے نکلنے والا یہ زبردست ٹیلنٹ اب اسٹیج پر ججز کے سامنے اپنی قسمت آزمائے گا۔ نوجوان گلوکاروں کی محنت، کہانیاں اور خواب پاکستان آئیڈل کے اسٹیج پر نکھر کر سامنے آئیں گے۔ اب سب کی نظریں اس ایک سوال پر جمی ہیں کہ کون پاکستان کا نیا سپر اسٹار بنے گا یہ فیصلہ اب ہونے والا ہے کیونکہ پاکستان آئیڈل چار اکتوبر سے شروع ہورہا ہے۔