سیمنٹ ساز کمپنیوں کے خالص منافع میں مالی سال 2025کے دوران سالانہ بنیاد پر 38فیصد اضافہ ہوا،رپورٹ

منگل 30 ستمبر 2025 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) سیمنٹ ساز کمپنیوں کے خالص منافع میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر 38فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا ۔

(جاری ہے)

کمپنیوں کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2025 کے دوران سیمنٹ ساز کمپنیوں کو 167 ارب روپے منافع حاصل ہوا جو مالی سال 2024 کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے، مالی سال 2024 میں سیمنٹ سازکمپنیوں کو 121.38 ارب روپے خالص منافع حاصل ہوا تھا۔

گزشتہ مالی سال کے دوران ان کمپنیوں نے ٹیکسوں کی مد میں 65.17 ارب روپے کی ادائیگی کی۔ گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں سیمنٹ سازکمپنیوں کو 31.50 ارب روپے خالص منافع حاصل ہوا جو مالی سال 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں 81 فیصد زیادہ ہے، مالی سال 2024 کی آخری سہ ماہی میں سیمنٹ کمپنیوں کو 17.43 ارب روپے خالص منافع حاصل ہواتھا۔ چوتھی سہ ماہی کے دوران سیمنٹ کمپنیوں نے ٹیکسوں کی مد میں 13.68 ارب روپے کی ادائیگیاں کیں۔