پاکستان نے خودمختارو پائیدار مالیاتی فریم ورک کا آغاز کر دیا

منگل 30 ستمبر 2025 17:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) پاکستان نے مالیاتی پائیداری کے عزم کو مزید تقویت دینے اور گرین، سوشل اور سسٹین ایبلٹی فنانسنگ آلات کے اجرا کے ضمن میں منظم طریقہ کار فراہم کرنے کے لیے خودمختار پائیدار مالیاتی فریم ورک قائم کر دیا ہے ، اس اقدام کامقصد پائیدارعالمی مالیاتی مارکیٹ میں اپنی شمولیت بڑھانا اور ایک مضبوط و پائیدار مالیاتی نظام کو فروغ دینا ہے۔

وزارت خزانہ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق یہ فریم ورک سٹی بینک اور ڈوئچے بینک( جو مشترکہ سسٹین ایبلٹی کوآرڈینیٹرز ہیں) کی معاونت سے تیار کیا گیا ہے، یہ فریم ورک بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہے جس میں آئی سی ایم اے کے گرین، سوشل اور سسٹین ایبلٹی بانڈ اصول، قرض مارکیٹ ایسوسی ایشن کے گرین اور سماجی قرض کے اصول اور عالمی اداروں سے جاری بلیو بانڈ کے رہنما اصول شامل ہیں ،شفافیت اور اعتبار کو یقینی بنانے کےلئے سسٹین ایبل فِچ نے آزادانہ سیکنڈ پارٹی اوپینین فراہم کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سسٹین ایبل فچ نے پاکستان کے فریم ورک کو ایکسِلینٹ قرار دیا ہے جو فریم ورک کی عالمی بہترین طریقہ کار سے مضبوط ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔ وزارتِ خزانہ کی ویب سائٹ پرسیکنڈ پارٹی اوپینین عوامی رسائی کے لیے دستیاب ہے۔یہ فریم ورک حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ کسی بھی پائیدار فنانسنگ آلے بشمول بانڈز اور بین الاقوامی سکوک پر لاگو ہوگا اور وقتا فوقتا تازہ ترین مارکیٹ پریکٹس اور اسے پاکستان کے ای ایس جی ایجنڈے کی ترقی کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ اس سٹریٹجک اقدام سے پاکستان کی بین الاقوامی پائیدار فنانس تک رسائی کو بہتر بنانے اور معیشت کو زیادہ مضبوط، لچکدار اور شمولیتی بنانے کے سفر کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔