الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں4سال کی تاخیر پر برہمی اور مایوسی کا اظہار

منگل 30 ستمبر 2025 23:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں4سال کی تاخیر پر برہمی اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو 8اکتوبر کو طلب کر لیا۔ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔

اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹس کی میعاد 2021میں ختم ہوگئی تھی کمیشن کو بتایا گیا کہ سابقہ ادوار میں پانچ مرتبہ لوکل گورنمنٹ قوانین میں ترامیم کی گئیں جبکہ الیکشن کمیشن تین دفعہ حلقہ بندی کرچکا ہے اور الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن بھی دودفعہ کرچکا ہے اور اب چھٹی مرتبہ قانون سازی پر کام جاری ہے اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کئی مرتبہ پنجاب گورنمنٹ کو مراسلہ جات تحریرکر چکا ہے۔

(جاری ہے)

اور میٹنگز کر چکا ہے مگر اسکے باوجود صوبہ میں قانون سازی اور لوکل گورنمنٹ انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا سیکرٹری نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن میں صوبہ میں انتخابات کے انعقا د کو یقینی بنانے کیلئے کیس کی سماعت 2جون 2025 کو ہوئی تھی جس میں صوبہ پنجاب کی طرف سے لوکل گورنمنٹ کے صوبائی وزیر اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ڈرافٹ لوکل گورنمنٹ قانون پر سٹینڈنگ کمیٹی ریویو کر رہی ہے جبکہ پنجاب حکومت بجٹ سیشن میں مصروف ہے لہذا گورنمنٹ کو تین ماہ کا مزید وقت دیا جائے تاکہ قانون سازی مکمل کی جائے لہذا الیکشن کمیشن نے پنجاب کی درخواست پر تین ماہ کا وقت دیا تھا لیکن اب تک پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے قانون سازی سے متعلق کوئی پراگریس موصول نہیں ہوئی ہے الیکشن کمیشن نے اس صورتحال پر انتہائی مایوسی کا اظہار کیا اور صوبہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے کیس کو 8اکتوبر 2025 کو سماعت کیلئے مقرر کیا اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کا فل بنچ کرے گا۔

۔۔۔اعجاز خان