ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر)الیاس کبزئی نے ورلڈ بینک اسپائر پروجیکٹ کے تحت گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول الہ آباد میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا

منگل 30 ستمبر 2025 22:25

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر)الیاس کبزئی نے ورلڈ بینک اسپائر پروجیکٹ کے تحت گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول الہ آباد میں آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق الماس اور پروجیکٹ کے فوکل پرسن سعید احمد سیلاچی سکول کی ہیڈمسٹریس بھی موجود تھیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر اسکول کی عمارت کا معائنہ کیا اور طالبات سے تدریسی سوالات بھی کیے۔ اسی سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول غریب آباد میں بھی آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر عبدالستار لانگو بھی ہمراہ تھے۔ ورلڈ بینک اسپائر پروجیکٹ کی جانب سے دونوں اسکولوں کو سولر سسٹم، تدریسی کتب، الماریاں اور فرنیچر فراہم کیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں غریب آباد ہائی اسکول میں آئی ٹی لیب کے لیے علیحدہ سولرائزیشن کے ساتھ ساتھ پورے اسکول کو بھی سولر سسٹم فراہم کیا گیا، جس سے تعلیمی ماحول میں جدت اور توانائی کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے اس موقع پر کہا کہ جدید سہولیات کی فراہمی سے طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے اور یہ اقدامات بلوچستان کے تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔