ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کیس میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

منگل 30 ستمبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کیس میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ منگل کے روز سماعت کے آغاز پر عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد کی تاہم دونوں ملزمان اس وقت کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے اور ان کی جانب سے معاون وکیل پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کہاں ہیں تو وکیل نے موقف اپنایا کہ وہ عدالت میں پیش ہونے کے بعد راولپنڈی کی ایک اور پیشی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ کیس کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے سات صفحات پر مشتمل چالان پیش کیا گیا جس میں پراسیکیوشن کے چار گواہان کی فہرست شامل ہے۔

(جاری ہے)

گواہوں میں سب انسپکٹر شہروز ریاض، وسیم خان، ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران حیدر شامل ہیں۔

چالان میں موقف اپنایا گیا کہ ایمان مزاری کی جانب سے متنازعہ ٹویٹس کیے گئے جنہیں ہادی علی چٹھہ نے ری ٹویٹ کیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو بھی طلب کیا اور کیس کے مختلف پہلوئوں پر دلائل سنے تاہم ملزمان کی بار بار غیر حاضری پر جج محمد افضل مجوکہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیشی میں رکاوٹ ڈالی گئی تو عدالت نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں ۔ بعد ازاں عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت آج بدھ تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :