Live Updates

صوبائی حکومت عوام کی خدمت، فلاح و بہبود اور ان کے معیار زندگی مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے، چیف سیکرٹری بلوچستان

منگل 30 ستمبر 2025 20:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت، فلاح و بہبود اور ان کے معیار زندگی مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے، ہر فرد کو بنیادی سہولیات جیسے تعلیم، صحت،صاف پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے۔ صوبائی حکومت نے گڈ گورننس کے اصولوں کو مضبوط کرتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

تمام متعلقہ ادارے مل کر عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا صوبے بھر میں ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کے ذریعے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں جن کا مقصد عوام کی زندگیوں میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا صوبے میں اشیائ خوردونوش کی قیمتوں پر سخت نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ بازاروں میں سرکاری نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فروخت کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب و متوسط طبقے کو مہنگائی سے محفوظ رکھا جائے۔ ان معاملات کی بہتر جائزہ کاری کے لیے باقاعدگی سے بازاروں کے دورے کریں اور سرکاری نرخ نامے کی پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنائی جائے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اہم کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز فیس بک، ایکس(ٹویٹر) سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی فعالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں، عوامی آگاہی پروگرامز اور حکومت کی خدمات کی موثر تشہیر کی جا سکے۔ انہوں نے کہا ماحولیاتی تحفظ کے لیے صوبائی حکومت نے پلاسٹک بیگز پر پابندی کا نفاذ کیا ہے، جو کہ مختلف مقامات پر موثر انداز میں عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس پابندی کے تحت پلاسٹک کے استعمال کو کم کر کے ماحول دوست متبادلات کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور صحت میں عارضی بنیادوں پر تعینات اساتذہ اور ڈاکٹرز کو فوری طور تنخواہیں ادا کرنے کی ہدایت کی اور تیسرے مرحلے کے لیے خالی آسامیوں کے اشتہار دئیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ برتھ رجسٹریشن بچے کی پیدائش کا سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہونا ہے، جو کہ مختلف سرکاری کاموں اور سہولیات کے حصول کے لیے ضروری ہوتا ہے کیونکہ مردم شماری کا ایک لازمی جزو ہے، جو نہ صرف افراد کی قانونی شناخت کے لیے اہم ہے بلکہ ملک کی ترقی کے لیے پالیسی سازوں کو درست معلومات بھی فراہم کرتی ہے۔

اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو نادرا کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور معیشت کی بہتر کارکردگی کے لیے کیش لیس اکانومی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی ضمن میں تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں بڑے شاپنگ مالز، دکاندار ، جنرل اسٹور سے موبائل بینکنگ، آن لائن پیمنٹس، کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈز، اور دیگر ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم ز کا آغاز کرے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات