مشیر بحالیات گیان چند ایسرانی کا پی ڈی ایم اے کے ڈی واٹرنگ پمپس کا دورہ، انتظامات پر اطمینان کا اظہار

منگل 30 ستمبر 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے بحالیات گیانچند ایسرانی نے پیر کے روز کراچی کے مختلف مقامات پر نصب کیے گئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم ای)کے ڈی واٹرنگ پمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری بحالیات اختر حسین بگٹی اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سلمان شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

گیانچند ایسرانی نے کے پی ٹی انڈرپاس پر نصب ڈی واٹرنگ پمپ کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے مشیر بحالیات کو ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر شہر کے اہم مقامات پر نصب کیے گئے پمپس اور ادارے کی مجموعی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی۔سلمان شاہ نے بتایا کہ کراچی کے مختلف مقامات پر 13 ڈی واٹرنگ پمپس نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے کی 6 گاڑیاں بھی ریسکیو کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کے پمپس بارش کے پانی کی بروقت نکاسی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور شہری مسائل کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔اس موقع پر مشیر بحالیات گیانچند ایسرانی نے عملے کو ہدایت کی کہ ممکنہ بارشوں کی صورت میں الرٹ رہیں اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی بروقت نکاسی شہری مسائل کے حل کے لیے نہایت ضروری ہے، اس لیے عملہ ہر وقت تیار اور مستعد رہے۔گیانچند ایسرانی نے پی ڈی ایم اے کے عملے سے ملاقات بھی کی اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔