یوکرین پر ایک بار پھر روس کی رات بھر شدید بمباری

یو این منگل 30 ستمبر 2025 21:45

یوکرین پر ایک بار پھر روس کی رات بھر شدید بمباری

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 30 ستمبر 2025ء) یوکرین کے کئی شہروں پر روس کے ایک بڑے حملے میں بچوں سمیت چار افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ 12 گھنٹے جاری رہنے والے اس حملے میں 600 ڈرون، 46 کروز میزائل اور پانچ راکٹ استعمال ہوئے جس سے بڑی تعداد میں رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ یہ حملے کیئو اور ژیپوریژیا جیسے گنجان آباد علاقوں میں کیے گئے جہاں گھروں کے علاوہ شہری تنصیبات کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق، کیئو میں امراض قلب کا ایک مرکز بھی حملے کی زد میں آیا جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

Tweet URL

موسم سرما کی آمد پر یوکرین میں توانائی کی تنصیبات پر روس کے حملے شدت اختیار کر گئے ہیں جس سے ہزاروں لوگوں کو بجلی سے محرومی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

جوہری عدم تحفظ

ژیپوریژیا میں جوہری پاور پلانٹ کی بجلی منقطع ہونے کے بعد ہنگامی جنریٹروں کے ذریعے اس کے حفاظتی نظام کو چالو رکھا جا رہا ہے۔ روس کے زیرقبضہ علاقے میں واقع اس پلانٹ کی بجلی بند ہونے کا یہ دسواں واقع ہے۔

جوہری توانائی کے عالمی ادارے (آئی اے ای اے) نے کہا ہے کہ پلانٹ کے پاس کم از کم 10 یوم کا ہنگامی ایندھن موجود ہے۔

ادارہ فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ بجلی کی بیرونی فراہمی جلد از جلد بحال کی جا سکے۔

ادارے نے گزشتہ ہفتے اس پلانٹ کے تحفظ کو لاحق خطرات کے بارے میں بھی بتایا تھا۔ چند روز قبل پلانٹ کے قریب ایک ڈرون مار گرایا گیا جو اس سے تقریباً 800 کلومیٹر دور جا گرا۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی صبح اس علاقے میں 22 ڈرون بھی پرواز کرتے دیکھے گئے جن میں سے بعض اس پلانٹ سے صرف نصف کلومیٹر دور تھے۔

'آئی اے ای اے' کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے کہا ہے کہ ڈرون کی پروازوں سے پلانٹ کو خطرات لاحق ہیں۔ تمام فریقین اہم جوہری تنصیبات کے قریب عسکری کارروائیوں سے باز رہیں۔

سرما کی امدادی ضروریات

رواں سال کی پہلی ششماہی میں اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے ملک بھر میں 24 لاکھ افراد کو کسی نہ کسی شکل میں انسانی امداد فراہم کی جس میں خاص طور پر محاذ جنگ کے قریب واقع علاقوں پر خاص توجہ دی گئی۔

تاہم ضرورت مند لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

موسم سرما کے مہینوں میں یوکرین کے لوگوں کو 280 ملین ڈالر کے امدادی وسائل درکار ہیں جن میں سے اب تک صرف 40 فیصد ہی مہیا ہو سکے ہیں۔

وسائل میں کمی کے پیش نظر یوکرین کے لیے امدادی منصوبے کو ازسرِنو ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کے تحت امدادی کارکنان چار اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ان میں محاذ جنگ کے قریب غیرمحفوظ آبادیوں کو امداد فراہم کرنا، انخلا میں مدد دینا، حملوں کے بعد فوری ہنگامی امداد پہنچانا اور اندرون ملک بے گھر ہونے والے افراد کی معاونت کرنا شامل ہیں۔