اسرائیلی فوج نے غزہ میں خطرناک دنوں کے لیے تیاری شروع کر دی

غزہ میں کارروائیاں منصوبے کے مطابق جاری رہیں گی اور رکیں گی نہیں،اسرائیلی آرمی چیف

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:35

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)حماس کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کو قبول یا مسترد کرنے کے فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے، اسی دوران اسرائیلی فوج نے خطرناک دنوں کے لیے تیاری شروع کر دی ہے۔اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال زامیر نے غزہ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے ایلیٹ یونٹس کے اہل کاروں سے ملاقات کی۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق انھوں نے فوجیوں کو چوکنا رہنے اور ہر ممکن تیاری کی ہدایت کی۔زامیر نے دفاعی مقامات پر تعینات فوجیوں پر زور دیا کہ وہ مکمل طور پر تیار رہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کمانڈروں کی موجودگی ہمیشہ اگلی صفوں میں ہونی چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مورچوں میں جمود کے بجائے متحرک رہنا ضروری ہے۔زامیر نے کہا کہ غزہ میں کارروائیاں منصوبے کے مطابق جاری رہیں گی اور رکیں گی نہیں۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ کے مطابق آئندہ دنوں کے حملوں کے منصوبے پہلے ہی طے کر لیے گئے ہیں۔امن منصوبے کی ناکامی کے امکان کے ساتھ ساتھ، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے پیر کی شام کہا تھا کہ اگر غزہ کو غیر عسکری بنانے اور حماس کو تحلیل کرنے کے مراحل پر عمل نہیں کیا گیا تو اسرائیل یہ مشن خود مکمل کرے گا۔