ڈی پی او کوہستان لوئر کا تھانہ دوبیر، پولیس چوکی جیجال، چکئی و ضلع کے انٹری پوائنٹ کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر عبدالسلام خالد نے تھانہ دوبیر، چوکی جیجال، چوکی چکئی و ضلع کے انٹری پوائنٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ کوہستان لوئر پولیس کے مطابق ڈی پی او نے دورے کے دوران تھانہ دوبیر میں پولیس سہولت مرکز اور ڈی آر سی کے دفاتر کا معائنہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

چکئی اور جیجال چوکیوں میں پولیس بلڈنگ، واچ ٹاورز اور چاردیواری کا تفصیلی معائنہ کیا اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ ڈی پی او عبدالسلام خالد نے پولیس اہلکاروں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی ہیلمٹ اور جیکٹ کا استعمال یقینی بنائیں، سنتری پوسٹ اور واچ ٹاور پر سرچ لائٹ ہمہ وقت موجود ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ نے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر سفر کرنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں، شہریوں خصوصاً چینیوں کی سکیورٹی پر خاص توجہ دی جائے، مشکوک افراد اور گاڑیوں کی جامع اور محتاط چیکنگ کی جائے، غیر ملکیوں کی باقاعدہ انٹری رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ سکیورٹی کا نظام مزید موثر ہو۔

ڈی پی او نے ہدایت کی کہ شاہراہ قراقرم پر سفر کرنے والی گاڑیوں کو بلاوجہ نہ روکا جائے، کیونکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے رویے میں عوامی خدمت کا پہلو نمایاں ہونا چاہیے اور کسی بھی شہری کے ساتھ ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈی پی او نے کہا کہ عوام کی خدمت اور جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، پولیس کا وقار عوامی اعتماد اور بہترین خدمت میں پوشیدہ ہے۔

متعلقہ عنوان :