Live Updates

ڈینگی ایک خطرناک وائرس ہے جو مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے،ڈاکٹر نوید احمد سڈل

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) ڈینگی ایک خطرناک وائرس ہے جو مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے اور اس کی روک تھام کے لیے عوامی تعاون سب سے زیادہ ضروری ہے۔ حکومت ، محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی کے خاتمے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں اسپرے، صفائی مہمات اور آگاہی پروگرام شامل ہیں، تاہم یہ مہم اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک عوام خود بھی اس میں فعال کردار ادا نہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار میڈیکل سپرنٹینڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے اپنے ہسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ گھروں اور گلی محلوں میں صاف پانی کے برتن ڈھک کر رکھنا، چھتوں اور صحن میں پانی جمع نہ ہونے دینا، کوڑا کرکٹ بروقت ٹھکانے لگانا اور مچھروں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ ڈینگی ایک خطرناک وائرس ہے ڈینگی کے مریضوں کو بخار، جسم میں درد اور آنکھوں کے پیچھے دباؤ جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں اور ایسی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کرنا چاہیے۔ بروقت علاج سے نہ صرف مریض کی جان بچائی جا سکتی ہے بلکہ مرض کو مزید بڑھنے سے بھی روکا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر نوید احمد سڈل نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ اور میڈیکل ٹیمیں موجود ہیں جو دن رات مریضوں کو بہترین علاج فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ خود بھی احتیاط کریں اور دوسروں کو بھی آگاہ کریں تاکہ ڈینگی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ صحت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ڈینگی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا اور عوام کے تعاون سے یہ بیماری جلد قابو میں آ جائے گی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات