پاکستان شام کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، قائم مقام صد سید یوسف رضا گیلانی کی شام کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:17

پاکستان شام کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان شام کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جن کی جڑیں مشترکہ مذہبی اقدار، تاریخ اور باہمی احترام پر مبنی ہیں،دونوں ممالک ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں شام کے سفیر ڈاکٹر رامز الریعی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور علاقائی امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور شام ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شام کے ساتھ اپنی اصولی اور ثابت قدم دوستی کو مدنظر رکھتے ہوئے شام میں خانہ جنگی کے دوران بھی دمشق میں اپنا سفارتی مشن برقرار رکھا، پاکستان شام کی تعمیرِ نو میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

قائمقام صدر نے کہا کہ دمشق اور ملتان کی قدیم تہذیبوں میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے دونوں شہروں کے درمیان گہرے تاریخی تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں تہذیبی گہرائی اور ریزیلینس کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی فورمز پر مسلسل شام کی حمایت کی ہے جس میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں شام کی رکنیت کی بحالی میں فعال کردار بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بڑی تعداد میں ہنر مند افراد ہیں جو شام کی تعمیر نو خاص طور پر طب، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بینکنگ کے شعبوں میں میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تربیتی پروگرام شامی سفارتکاروں، اساتذہ اور طبی ماہرین کیلئے دستیاب ہیں۔ قائم مقام صدر نے سفیر سے ملاقات کے دوران شام کی پارلیمنٹ کے سپیکر کے لئے آئندہ ماہ منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا۔

سفیر ڈاکٹر رامز الریعی نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شام پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔سفیر نے کہا کہ شام دفاع، ریلوے، معیشت، آئی ٹی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔\932