نامورہدایتکار ریاض شاہد کی 53 ویں برسی منائی گئی

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) نامور فلمساز و ہدایت کار ریاض شاہد کی 53 ویں برسی یکم اکتوبرکو منائی گئی۔ریاض شاہد 1930 کو لاہور میں ایک کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام شیخ ریاض تھا،انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی، اپنے کیریئر کا باقاعدہ آغاز روز نامہ چٹان میں بطور صحافی کیا۔بعد ازاں وہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہو گئے۔

ریاض شاہد نے اپنا پہلا سکرپٹ فلم ’’بھروسہ‘‘ پر لکھا تھا،یہ فلم 1958 میں ریلیز ہوئی،اس فلم نے ریاض شاہد کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا،جب ان کی فلم ’’شہید‘‘ ریلیز ہوئی تو اس نے تہلکہ مچا دیا،ریاض شاہد نے مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر زرقا اور یہ امن جیسی شاہکار فلمیں بھی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے32 فلموں کی کہانیاں اور مکالمے لکھے،اس حیثیت سے ان کی جن فلموں نے بے مثال کامیابی حاصل کی ان میں بھروسہ، نیند، سسرال، شکوہ، خاموش رہو، فرنگی، آگ کا دریا، بدنام، بہشت اور حیدر علی قابل ذکر ہیں۔

انہوں نے کئی پنجابی فلموں کے سکرپٹ بھی لکھے جن میں ماجھے دی جٹی اور نظام لوہار جیسی فلمیں شامل ہیں،وہ ایک مشہور رائٹر اور ہدایت کار تھے۔ریاض شاہد کو ان کی بہترین کار کر دگی کی بنا پر11 بار نگار ایوارڈ سے نوازا گیا اور ان کی ایک فلم زرقا کو تین نگار ایوارڈ دیئے گئے۔ریاض شاہد یکم اکتوبر 1972 کو کینسر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔