’ہر کلو میٹر ایک اضافی علامتی فتح ہے‘توقع ہے کل غزہ پہنچ جائیں گے، فلسطینی یورپی رکن پارلیمنٹ ریما حسن

بدھ 1 اکتوبر 2025 17:39

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء)فرانسیسی نژاد فلسطینی یورپی پارلیمنٹ کی رکن ریما حسن، جو غزہ جانے والی فلوٹیلا میں شریک ہیں، نے ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی روک تھام کی وسیع تیاریوں کے باوجود وہ توقع کر رہے ہیں کہ کل غزہ پہنچ جائیں گے۔انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ’ہر کلو میٹر ایک اضافی علامتی فتح ہے‘۔

(جاری ہے)

گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل پاکستانی وفد میں شریک جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے گزشتہ روز اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم غزہ سے مزید قریب ہو گئے ہیں اور اب ہمیں دور سے اسرائیلی جہاز اپنی جانب آتے دکھائی دے رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ عین ممکن ہے کہ آج رات ہم پر حملہ کیا جائے، میرا موبائل پہلے ہی اسرائیل نے جام کر دیا ہے لہٰذا اب اس ناکارہ فون کو میں سمندر برد کرتا ہوں، ویڈیو میں مشتاق احمد خان کو اپنا موبائل فون سمندر برد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’آپ سب سے یہی اپیل ہے جو میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے کرتا آیا ہوں کہ اگر آپ غزہ نہیں آ سکتے تو کم از کم تمام دینی و سیاسی جماعتیں اور تمام پاکستانی امریکی سفارت خانے پر لا متناہی پر امن دھرنا دیں کیونکہ امریکا اس نسل کشی میں اسرائیل کے ساتھ برابر کا شریک ہے‘۔