پاکستان میں سالانہ 40 ہزار سے زائد خواتین چھاتی کے سرطان کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی کے مہینے کے موقع پر ویڈیو پیغام

بدھ 1 اکتوبر 2025 23:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سالانہ 40 ہزار سے زائد خواتین چھاتی کے سرطان کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق خاتون اول نے سرطان کے بارے میں آگاہی کے مہینے کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ملک میں ہر سال 90 ہزار سے زائد خواتین میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

خاتون اول نے کہا کہ خواتین خود معائنے کا ایک سادہ طریقہ اپنائیں، بریسٹ کینسر کی سکریننگ ہزاروں زندگیاں بچا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چھاتی کے سرطان کے مریضوں کی بیشتر اوقات تاخیر سے تشخیص ہوتی ہے، بروقت تشخیص اور درست علاج سے اس مرض سے بچائو کی شرح 90 فیصد سے زائد ہے۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ اپنی صحت کو اہمیت دیں، خاموشی توڑ دیں اور آگاہی پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر زندگیاں بچا سکتے ہیں اور ایک صحت مند مضبوط پاکستان بنا سکتے ہیں۔