ملتان چیمبر میں خاندانی کاروبار کے تسلسل پر آگاہی سیشن

بدھ 1 اکتوبر 2025 21:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) ایوانِ تجارت و صنعت ملتان میں ’’خاندانی کاروبار کو نسل در نسل قائم رکھنے‘‘ کے موضوع پر آگاہی سیشن منعقد ہوا جس میں کاروباری برادری، چیمبر کے اراکین اور ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیشن کے مہمانِ خصوصی ایوان کے سابق سینئر نائب صدر اور معروف فیملی بزنس کنسلٹنٹ خواجہ محمد سہیل طفیل تھے جنہوں نے خاندانی کاروبار کی پائیداری، اس کے تقاضوں اور چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

افتتاحی کلمات ایوان کے نائب صدر محمد اظہر جاوید نے پیش کرتے ہوئے کہا کہ خاندانی کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو روزگار، سرمایہ کاری اور معاشی استحکام میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں، تاہم بانی نسل کے بعد ان کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سیشن کا مقصد شرکاء کو ایسی حکمت عملی، گورننس ماڈلز اور کامیاب مثالوں سے روشناس کرانا ہے جو کاروبار کو نسل در نسل مستحکم رکھنے میں مددگار ثابت ہوں۔

اس موقع پرخواجہ سہیل طفیل نے کہا کہ کاروبار کا آغاز کرنا اگرچہ مشکل ہوتا ہے لیکن اسے اگلی نسلوں تک کامیابی سے منتقل کرنا اس سے کہیں زیادہ بڑا امتحان ہے۔ بیشتر کاروبار دوسری یا تیسری نسل تک پہنچتے ختم ہو جاتے ہیں جس کی بنیادی وجوہات میں ادارہ جاتی نظم و نسق کی کمی، قیادت کی تیاری میں تاخیر اور مشترکہ وژن کا فقدان شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خاندانی کاروبار کی بقا کے لیے واضح وژن، مشترکہ اقدار، پیشہ ورانہ نظم و نسق اور نئی نسل کی بروقت تربیت ناگزیر ہے۔سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا جس میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس سیشن کو اپنی کاروباری حکمت عملی کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :