وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود، صحت اور سماجی تحفظ کیلئے قانونی و ادارہ جاتی اقدامات کو مزید مستحکم بنا رہی ہے،سینیٹراعظم نذیرتارڑ

بدھ 1 اکتوبر 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) وزارتِ انسانی حقوق کے زیر اہتمام بدھ کو بین الاقوامی یومِ بزرگ شہریوں کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وزارت انسانی حقوق کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر سینیٹراعظم نذیر تارڑنے استقبالیہ خطاب میں بزرگ شہریوں کی خدمات اور ان کے وقار کے اعتراف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ثقافت میں بزرگوں کا احترام ہمیشہ ایک بنیادی روایت رہی ہے، ہمارے دینِ اسلام کی تعلیمات بھی بزرگ شہریوں کی عزت و تکریم کو بڑی اہمیت دیتی ہیں۔

نبی اکرم ﷺ نے فرمایاوہ ہم میں سے نہیں جو ہمارے چھوٹوں پر شفقت اور ہمارے بڑوں کا احترام نہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دن صرف اعتراف کا موقع نہیں بلکہ ایک عزم کی تجدید بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر بزرگ شہریوں کے حقوق، فلاح اور وقار کے تحفظ کے لیے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ انسانی حقوق نے اس مقصد کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں، جن میں سینئر سٹیزنز ایکٹ 2021ء کا نفاذ، سینئر سٹیزنز فنڈ کا قیام اور دارالشفقہ کے قیام پر عملی پیشرفت شامل ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود، صحت اور سماجی تحفظ کے لیے قانونی و ادارہ جاتی اقدامات کو مزید مستحکم بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی کے لیے صرف قانون سازی کافی نہیں بلکہ یہ ضروری ہے کہ خاندان اور معاشرہ اپنے بزرگوں کو وقت دے، ان کی عزت کرے اور انہیں معاشرتی زندگی میں فعال طور پر شامل رکھے۔

بزرگ شہری ہماری روایات اور حکمت کے امین ہیں اور ان کی موجودگی نئی نسل کے لیے قیمتی سرمایہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز خصوصاً بزرگ شہریوں کو زیادہ متاثر کرتے ہیں، اس لیے حکومت پالیسی سازی میں اس پہلو کو بھی مدنظر رکھ رہی ہے تاکہ بزرگوں کے لیے محفوظ، صحت مند اور پائیدار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔تقریب میں سول سوسائٹی کے نمائندگان، کمیونٹی ورکروں اور شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا جنہوں نے بزرگ شہریوں کی فلاح کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :