عدم تشدد کا فلسفہ معاشروں کو جوڑنے اور انسانیت کو قریب لانے کا ذریعہ ہے ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:41

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں انسانی معاشر وں کو درپیش چیلنجز میں سے ایک بڑھتی ہوئی انتہاپسندی، تشدد اور عدم برداشت ہے، جس کے خاتمے کے لئے اجتماعی شعور بیدار کرنے اور مثبت اقدار کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے عدم تشدد کے عالمی دن پر آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر انتظام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدم تشدد کا فلسفہ نہ صرف معاشرتی سکون ، امن قائم کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ دین ،تمام تہذیبوں کے مشترکہ پیغام کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جس قومی یکجہتی ، سماجی ہم آہنگی کی ضرورت ہے وہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم برداشت، صبر اور رواداری کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تشدد صرف جسمانی سطح تک محدود نہیں بلکہ رویوں، زبان اور افکار میں بھی جھلکتا ہے جسے ختم کرنے کے لئے تعلیمی اداروں، میڈیا اور سماجی تنظیموں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی توانائیاں معاشرتی بھلائی، تعلیمی ترقی اور مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں تاکہ پاکستان عالمی سطح پر امن و بھائی چارے کی علامت ہو۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کا یہ اقدام لائق تحسین ہے کہ اس نے اس دن کی مناسبت سے شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ، بچوں پر ہونے والے گھریلو معاشرتی تشدد کے خلاف قانون سازی اس پر عمل درآمد یقینی بنانا حکومتی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن ساتھ ہی سماجی سطح پر بھی شعور اجاگر کرنا ضروری ہے تاکہ معاشرہ حقیقی معنوں میں عدم تشدد کے اصولوں پر استوار ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنی نسلوں کو ایک محفوظ، پرامن اور خوشحال مستقبل دینا ہے تو ہمیں نفرت کو ختم کر کے ایک دوسرے کو برداشت کرتے ہوئے اختلافات بات چیت سے حل کرنے کی راہ اپنانی ہوگی اور اس دن کا پیغام عملی زندگی میں ہماری ترجیحات اور رویوں میں جھلکنا چاہیے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدم تشدد کا فلسفہ دراصل معاشروں کو جوڑنے اور انسانیت کو قریب لانے کا ذریعہ ہے اور ہمیں بحیثیت قوم اس پر عمل پیرا ہو کر دنیا کو ایک مثبت اور روشن پیغام دینا ہے کہ پاکستان امن، محبت اور بھائی چارے کا داعی ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم تشددکے عالمی دن کے موقع پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندی اور عدم برداشت کے رویوں کے خلاف آواز بلند کریں گے اور معاشرے کو اس راستے پر گامزن کریں گے جو حقیقی خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہے۔