صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ قابلِ مذمت، امتِ مسلمہ کی بے بسی باعث تشویش ہے ۔ایاز میمن موتی والا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)کراچی تاجرالائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کو کھلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارکنوں اور انسانی ہمدردی پر مبنی قافلے پر طاقت کا استعمال ہر لحاظ سے ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے حکمرانوں اور کرتادھرتالوگوں کی مسلسل خاموشی لمح فکریہ ہے اور اگر یہی روش برقرار رہی تو مظلوموں کی داد رسی کون کرے گا ایاز میمن موتی والا نے واضح کیا کہ "یہ وقت اختلافات میں الجھنے کا نہیں بلکہ انسانیت کے لیے یکجہتی کا ہے۔ سابق سینیٹر مشتاق اور دیگر گرفتار افراد کے حوالے سے رپورٹس پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے تقاضوں کو پامال کرنا کسی طور درست نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار تمام افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے ساتھ انصاف پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے۔ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے سفارتی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے عالمی سطح پر یہ معاملہ اجاگر کرے۔ انہوں نے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کرائیں اور مستقبل میں انسانی ہمدردی پر مبنی اقدامات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔