صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کا حملہ کھلی دہشت گردی ہے، ٹان چیئرمین جمیل ضیا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 16:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)پی پی پی رہنما و ٹاؤن چیئرمین اورنگی ٹان حاجی جمیل ضیا نے صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے بہیمانہ اور بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں، امدادی کارکنوں اور انسانی ہمدردی کے مشن پر حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل نہ صرف ظلم کا استعارہ ہے بلکہ انسانیت کا دشمن بھی ہے۔

جمیل ضیا نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کی تاریخ خون اور ظلم سے بھری پڑی ہے۔ معصوم بچوں کو گولیوں کا نشانہ بنانا، عورتوں کو قید و بند کی صعوبتوں سے گزارنا اور گھروں کو مسمار کرکے بے گھری اور بھوک مسلط کرنا اس کی روزمرہ کی پالیسی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلوٹیلا پر حملہ دراصل فلسطینی عوام کے حوصلے کو توڑنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ اسرائیلی جنگی جنون نے دنیا کو یہ باور کرادیا ہے کہ وہ کسی اصول، کسی قانون اور کسی اخلاقی قدر کے پابند نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام پچھلی کئی دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں اور خون کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کے عزم کو دبایا نہیں جاسکتا۔ پوری دنیا کے مسلمان اور محبِ امن لوگ فلسطین کے ساتھ ہیں، اور ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی ہر جدوجہد اور ہر قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی جارحیت اور بربریت کا نوٹس لیں اور فلسطینی عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم زیادہ دیر نہیں چل سکتا اور فلسطین ضرور آزاد ہوگا۔