Live Updates

امید سحر پاکستان رضاکار گروپ نے سیلاب سے متاثرہ علاقے جلال پور پیر والا حاجی پل میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:00

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) امید سحر پاکستان رضاکار گروپ نے سیلاب سے متاثرہ علاقے جلال پور پیر والا حاجی پل میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔ یہ اقدام فلڈ ریلیف سیل اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تعاون سے کیا گیا۔ امید سحرٹیم نے متاثرین میں تیار کھانا تقسیم کیا اور مصیبت زدہ خاندانوں کو مدد فراہم کی جس کا مقصد فوری مصائب کو دور کرنا اور امید کی بحالی ہے۔

ٹیم ممبران میں احمد شہزاد چیئرمین حمزہ علی حقی فنانس سیکرٹری ایم احمد عمران پبلک ریلیشن آفیسر حارث شہزاد فوٹوگرافر دانیال رشید ایگزیکٹو ایڈوائزر عمر اور ابوبکر جاوید ممبران شامل تھے۔ دورے کے دوران ٹیم نے بے گھر کمیونٹیوں کو درپیش مشکل حالات کا مشاہدہ کیا۔ سیلاب کے پانی میں اضافے کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

لوگ کھلے علاقوں میں خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں اپنے خاندانوں کے ہمراہ رہ رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس علاقے میں سینکڑوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور مسلسل امداد کی ضرورت ہے۔ امید سحر نے 150 کھانے کے ڈبے تقسیم کیے اور سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے فوری خوراک کو یقینی بنایا۔ یہ امدادی سرگرمی 18 سال سے کم عمر سرشار رضاکاروں نے کی ہے ۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے فلڈ ریلیف سیل نے اس مشن میں کلیدی کردار ادا کیا جس میں طبی امداد ہیلتھ چیک اپ ویٹرنری میڈیسن کی فراہمی اور مچھر دانیاں اور معلوماتی آگاہی فراہم کی گئی۔ دوسرے مرحلے میں امید سحر پاکستان سیلاب سے متاثرہ بچوں میں حفظان صحت کا سامان مہیا کرے گی ۔امید سحر پاکستان رضاکار گروپ نے خصوصی تعاون پر آئی یو بی فلڈ ریلیف سیل کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا کا شکریہ اداکیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات