وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ کی سعودی ڈیٹا و آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی کے صدر ایکسیلینسی عبداللہ بن شرف الغامدی سے ملاقات

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ نے سعودی ڈیٹا و آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی (SDAIA) کے صدر ایکسیلینسی عبداللہ بن شرف الغامدی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات پاکستان-سعودی عرب ٹیکنالوجی تعاون اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی نیشنل اے آئی پالیسی 2025 کے تناظر میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

گفتگو میں اے آئی کیپسٹی بلڈنگ کے حوالے سے سعودی ماڈل ’’ون ملین سعودیز اِن اے آئی‘‘ سے استفادہ پر غور کیا گیا جبکہ پاکستان میں ایک ملین اے آئی پروفیشنلز کی تربیت کے ہدف میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح اے آئی ریگولیشنز، گورننس اور پرائیویسی سینڈ باکس کے قیام پر مشترکہ ورکشاپس کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ اور نیشنل ڈیٹا ریپوزٹری کے قیام میں تکنیکی تعاون پر اتفاق رائے ہوا، جبکہ جائنٹ آر اینڈ ڈی فنڈز کے ذریعے زراعت، تعلیم، صحت اور سمارٹ سٹیز میں مشترکہ منصوبوں پر غور کیا گیا۔

مزید برآں، اردو اور عربی زبانوں میں لوکل لارج لینگویج ماڈلز کی تیاری میں اشتراک کی تجویز سامنے آئی۔ ڈیٹا اکانومی، ڈیٹا شیئرنگ اور نیشنل ڈیٹا بینک ماڈل کے تجربات کے تبادلے پر بھی بات چیت ہوئی، جس سے ڈیجیٹل تعاون کے نئے دروازے کھلنے کی توقع ہے۔