مصطفی کمال سے اومان کے سفیر فہد خلف الخروصی کی ملاقات

صحت شعبے سمیت دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)وفاقی وزیر برائے صحت مصطفی کمال سے اومان کے سفیر فہد خلف الخروصی نے ملاقات کی اور صحت کے شعبے سمیت دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا ۔وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ صحت مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان اوراومان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جو دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں مزید استحکام کا باعث بنیں گے۔

انہوں نے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات، ویکسین کی مقامی تیاری کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔وزیرِ صحت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان صحت کے مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون سے نہ صرف طبی معیار میں اضافہ ہوگا بلکہ کے تجربات سے استفادہ کرنے کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خاص طور پر فارماسیوٹیکل شعبے میں تکنیکی اشتراک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں ایک دوسرے سے سیکھنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان ویکسین کی مقامی تیاری کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں جو نہ صرف ملک کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دیں گے بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی صحت کی صلاحیتوں کو نمایاں کریں گے۔ اومان کے سفیر فہد خلف الخروصی نے پاکستان کے طبی شعبے کی مہارت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک نرسنگ اور میڈیکل سپیشلسٹس سمیت ہنر مند طبی عملے کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے طبی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ماہرین کے باقاعدہ تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ملاقات کے اختتام پر وزیرِ صحت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان صحت کے میدان میں اشتراکِ عمل کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔