لہہ ایپکس باڈی نے 24ستمبر کے افسوسناک واقعے کی مجسٹریل انکوائری مسترد کردی

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:10

لہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لہہ ایپکس باڈی نے 24ستمبر کولہہ میں اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرنے والے مظاہرین پربھارتی فورسز کی اندھادھند فائرنگ سے 4افراد کے قتل کے افسوسناک واقعے کی مجسٹریل انکوائری کو مسترد کر دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لہہ ایپکس باڈی کے شریک چیئرمین چیرنگ دورجے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کی اعلیٰ سطح کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔

انہوں نے کہاکہ صرف اعلیٰ سطح کی عدالتی تحقیقات کے ذریعے ہی چار شہریوں کے قتل میں ملوث اہلکاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا پہلے دن سے ہی یہ مطالبہ رہاہے کہ اس واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جانی چاہیے تاکہ معلوم ہو سکے کہ بغیر کسی وارننگ کے شہریوں پر گولی چلانے کا حکم کس نے دیا تھا۔

(جاری ہے)

لہہ ایپکس باڈی کے رہنما نے مزید کہا کہ واقعے کی عدالتی تحقیقات اور موحولیاتی کارکن سونم وانگچک سمیت گرفتار کئے گئے تمام افراد کی رہائی سمیت ہمارے تمام بنیادی مطالبات پورے ہونے تک بھارتی حکومت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ لداخ خطے کی انتظامیہ نے اس سے قبل 24ستمبر کو بھارتی پولیس کی فائرنگ میں چار شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کی سب ڈویژنل مجسٹریٹ نوبرا مکل بینیوال کے ذریعے تحقیقات کرانے کا اعلان کیاتھا۔