ابہام ،نظام میں خرابیوں کے باوجود 40لاکھ گوشواروں کا آنا خوش آئند ہے‘ ٹیکس ایڈوائزرز

8ارب لگا کر انسٹال کئے گئے آئرس سسٹم کی کارکردگی صفر ہے ‘ سینئر رہنما چودھری امانت بشیر

جمعہ 3 اکتوبر 2025 12:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے سینئر رہنما چودھری امانت بشیر نے کہا ہے کہ گوشوارے میں ابہام اور ایف بی آر کے نظام میں خرابیوں کے باوجود 40لاکھ گوشواروں کا آنا خوش آئند ہے ،انکم گوشوارے کی تاریخ میں 15اکتوبر تک توسیع کرکے کوئی احسان نہیں کیایہ ٹیکس دہندگان کا قانونی حق ہے۔

ٹیکس بارز کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر انکم ٹیکس گوشوارے کی تاریخ 15اکتوبر نہیں بلکہ24دسمبر 2025بنتی ہے کیونکہ فائنل ریٹرن فارم آنے کے بعد ریٹرن فائل کرنے کا وقت شروع ہوتا ہے ،ایف بی آر نے 24ستمبر کو ریٹرن فارم میں تبدیلیاں کیںاس سے پہلے 18اگست کو بھی ایسے ہی کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انکم ٹیکس کے قانون کے مطابق انکم ٹیکس گوشوراے جمع کرانے کے لیے ٹیکس دہندگان کو 90دن کا وقت دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اابھی تک ریٹرن فارم مکمل درست نہیں ہے ، آئرس سسٹم میں بھی خرابیا ں ہیں،8ارب لگا کر انسٹال کئے گئے اس سسٹم کی کارکردگی صفر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو دکھا جائے تو وہاں پر اربوں لوگوں کی ٹریفک ہوتی ہے لیکن وہ کبھی سست روی کا شکار نہیں ہوئے جبکہ ایف بی آر کا سسٹم چالیس لاکھ لوگوں کی ریٹرنزآنے پر جواب دے جاتا ہے ، یہ غلطی ٹیکس پیئر کی نہیں بلکہ ایف بی آر کے سسٹم کی ہیجس کا جواب ایف بی آر جواب دینا چاہیے ۔