اسلام آباد،ایڈووکیٹ پرویز شاہ کے بیٹے فارح الرحمان کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد کی شرکت

جمعہ 3 اکتوبر 2025 15:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ کے جواں سال بیٹے فارح الرحمان کی نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کی گئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں انجینئرنگ کے آخری سال کے طالب علم فارح الرحمان ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں چل بسے ۔

فارح کی نماز جنازہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے پڑھائی اور اس میں کشمیری رہنمائوں، سیاسی کارکنوں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

غلام محمد صفی نے مرحوم کی بلندی درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرائی ۔ فارح الرحمان کو اسلام آباد کے ایک قبرستان میں اپنے داداسینئر حریت رہنماایڈوکیٹ مشتاق احمد وانی کی قبر کے قریب سپرد خاک کیا گیا۔

ادھر سرینگر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں کشمیری حریت رہنمائوں نے اپنے الگ الگ بیانات میںبیٹے کے انتقال پر ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور سوگوارخاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔