ظلم کی نحوست سے ایمان برباد ہونے کا خطرہ ہے، علامہ الیا س قادری

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ ظلم ایمان کیلئے مہلک ہے، ظلم کی نحوست سے ایمان برباد ہونے کا خطرہ ہے اور بری موت کی وعید ہے، بری موت سے مراد یا تو ایمان برباد ہو جانا یا بغیر توبہ کئے موت آجانا ہے، ظلم واقعی بہت بری چیز ہے اور آخرت کا اندھیرا ہے، کسی پر ظلم کرنا گناہ ہے، قیامت کے دن مظلوم اور ظالم کا مقدمہ اللہ کی بارگاہ میں پیش ہوگا، ظالم کی نیکیاں مظلوم کو دی جائیں گی اگر بدلہ پورا نہ ہوا تو مظلوم کے گناہ ظالم پر ڈال دیئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتی ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ ظلم صرف ہاتھ پاؤں کاٹنے یا گولی چلانے کا نام نہیں بلکہ کسی کو گالی دینا، دل آزاری کرنا یا ایذا دینے والی نظر سے گھورنا بھی ظلم ہے، کسی کو مارنا، قرض دبانا، رقم چھین لینا، غیبت یا تہمت لگانا بھی ظلم ہے، اللہ ظالم کو مہلت دیتا ہے مگر جب پکڑتا ہے تو سخت پکڑتا ہے، اس لئے ہر ظالم کو چاہئے کہ دنیا میں ہی معافی تلافی کرلے،یاد رکھیں ظالم کے مددگار کا قیامت کے دن پیشانی پر لکھا ہوگا یہ اللہ کی رحمت سے مایوس ہے، اس لئے نہ ظلم کرنا چاہئے اور نہ ظالم کا ساتھ دینا چاہئے۔

لوگ ظلم کو معمولی سمجھتے ہیں حالانکہ یہ بہت خطرناک معاملہ ہے، شوہر بیوی پر کرے، ساس بہو پر کرے یا والدین اولاد پر کریں،ظلم آخر ظلم ہے اور ظالم قیامت کے دن پکڑا جائے گا،لہٰذا دوسروں کو تکلیف دینے کے بجائے راحت پہنچائیں، جو کچھ ہے اس پر عاجزی کریں تاکہ آخرت میں اللہ کے کرم سے کامیابی نصیب ہو۔

متعلقہ عنوان :