سونم وانگچک کی غیر قانونی نظربندی بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج

جمعہ 3 اکتوبر 2025 16:00

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیرتسلط جموں وکشمیر کے خطے لداخ سے تعلق رکھنے والے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے اپنے شوہر کی رہائی کیلئے بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اپنے حقوق کیلئے لہہ میں 24ستمبر کو احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھارتی پولیس کی فائرنگ سے 4افراد کی ہلاکت کے بعد سونم وانگچک کو دیگر افراد کے ہمراہ گرفتار کرلیاگیاتھا۔

قومی سلامتی ایکٹ کے تحت گرفتار وانگچک اس وقت بھارتی ریاست راجستھان کی جودھ پور جیل میں قید ہیں۔وکیل ایڈووکیٹ سروام رتم کھرے کے ذریعے سپریم کورٹ میں دائرکی گئی عرضداشت میں گیتانجلی انگمو نے وانگچک کی غیر قانونی نظر بندی کو چیلنج کیا ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں گیتا نجلی نے موقف اختیا ر کیاہے کہ انہیں وانگچک کی گرفتاری کے حکمنامے کا نقل ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے جوکہ ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ انکے شوہر کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینے پر تلی ہوئی ہے ۔ سونم وانگچک کو ایک من گھڑت سازش کا نشانہ بنایاجارہاہے انہوں نے صرف ایک پر امن احتجاج میں حصہ لیاتھا ۔ انہوں نے عرضداشت میں سوال کیاہے کہ بھارتی سی آر پی ایف اہلکاروں کو مظاہرین پر گولی چلانے کا حکم کس نے دیااس کی تحقیقات کی جانی چاہیے ۔ادھرآسامیز سول سوسائٹی فورم، آسام ناگرک سنملن نے سونم وانگچک کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

آسامیز سول سوسائٹی فورم نے ایک بیان میں کہاکہ لداخ کو ریاست کا درجہ دینے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ وانگچک کے مطالبات لداخی کے عوام کی خواہشات اوربھارت کے آئین کے اصولوں کے مطابق ہیں۔بیان میں وانگچک کو گرفتاری کو بلاجواز اور انکے خلاف عائد کئے گئے الزامات کو بے بنیادقراردیاگیا۔فو رم نے کہاکہ سونم وانگچک لداخ کی خودمختاری، ثقافتی تحفظ، اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک پرامن تحریک کی قیادت کر رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت نے اپنے 2019کے انتخابی منشور میں لداخ میں چھٹے شیڈول کے نفاذ کا وعدہ کیاتھا اور لداخ میں خو د مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے دوران اس وعدے کا اعادہ کیاگیاتھا۔تاہم یہ وعدہ کئی سال بعد بھی پورا نہیں کیاگیاہے ۔