اسلام آباد ہائی کورٹ کا اے پی پی میگا کرپشن کیس میں اہم فیصلہ، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت دو ملزمان گرفتار

جمعہ 3 اکتوبر 2025 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اے پی پی میگا کرپشن کیس میں سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدنان اکرم باجوہ اور شریک ملزم شاہد لطیف کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے اہلکاروں نے دونوں ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران اے پی پی کے لیگل ایڈوائزر رانا روحیل اور خرم بیگ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور ملزمان کے کردار پر روشنی ڈالی۔رانا روحیل نے عدالت کو بتایا کہ عدنان اکرم باجوہ نے غیر قانونی طور پر پراویڈنٹ فنڈ کی منتقلی کی اجازت دی جس کے بعد شریک ملزمان نے ملازمین کیلئے مختص کروڑوں روپے جو دراصل ملازمین کی امانت تھے، غیر قانونی طور پر دیگر اکائونٹس میں منتقل کیے۔

(جاری ہے)

اسی دوران اے پی پی کے وکیل خرم بیگ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ملزم شاہد لطیف جعلی سیلری شیٹس اور کریڈٹ شیٹس تیار کرتا رہا جن کی بنیاد پر کروڑوں روپے کی غیر قانونی تنخواہیں بنائی گئیں اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی جانب سے دائر عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔ فیصلے کے فوری بعد ایف آئی اے ٹیم نے ملزمان کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کر لیا۔یاد رہے کہ ایف آئی اے نے اس کیس میں مجموعی طور پر 16 ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے جن پر ملازمین کے فنڈز اور قومی خزانے کے کروڑوں روپے کی خوردبرد کے الزامات عائد ہیں۔