خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کسی بھی معاشرہ کی ترقی ممکن نہیں، صوبائی مشیر ترقی نسواں

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کسی بھی معاشر ہ کی ترقی ممکن نہیں، کیونکہ حقیقی معاشرتی اور معاشی استحکام اسی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے جب خواتین کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع فراہم ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی میں ویمن اکنامک ڈویلپمنٹ سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کو ہنرمند بنانے اور انہیں روزگار کے مواقع دینے کے لیے حکومت بلوچستان سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ویمن اکنامک ڈویلپمنٹ سینٹر ز کا قیام اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت خواتین کی معاشی شمولیت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لورالائی میں قائم ہونے والا ویمن اکنامک ڈویلپمنٹ سینٹر خواتین کو نہ صرف ہنر سکھانے کا ذریعہ بنے گا بلکہ انہیں خودمختاری اور اعتماد کے ساتھ عملی زندگی میں آگے بڑھنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ دیہی اور پسماندہ علاقوں کی خواتین کے لیے یہ ادارے امید کی نئی کرن ثابت ہوں گے اور یہاں سے تربیت حاصل کرنے والی خواتین اپنے گھروں اور معاشرے کی معاشی بہتری میں مثبت کردار ادا کر سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی آزادی دراصل ایک مضبوط اور خوشحال بلوچستان کی ضمانت ہے۔