اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں ، خاتون اور افغان شہری سمیت 7 ملزمان گرفتار ،49.283 کلوگرام منشیات برآمد

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 11:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 41 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 49.283 کلوگرام منشیات برآمد کرکے خاتون اور افغان شہری سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسقط (اومان) جانے والے ملزم کے پیٹ سے 683 گرام وزنی 90 آئس بھرے کیپسولز برآمد کر لئے گئے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک اور کاروائی کے دوران برطانیہ جانے والے مسافر کے سامان سے 8.5 کلوگرام وزنی 29400 ڈیازیپام گولیاں برآمد کر لی گئیں۔رنگ روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 500 گرام آئس برآمد کرکے افغان شہری کو گرفتار کر لیا۔بحریہ ٹاؤن لاہور کے قریب گاڑی اور موٹر سائیکل سوار سے 30 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب ٹرک سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کے قریب خاتون کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔