Live Updates

صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کی صدارت میں محکمہ ورکس سروسز کی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اجلاس

ورکس سروسز کے تحت مجموعی طور پر 622اسکیمیں شامل ہیں، جن میں 573 جاری اور 48 نئی ہیں،اجلاس میں بریفنگ

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 16:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)صوبائی وزیر برائے آبپاشی، منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو کی صدارت میں محکمہ ورکس سروسز کی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ سید نجم احمد شاہ، ورکس اینڈ سروسز کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں افسران کی جانب سے صوبائی وزیر کو وفاقی و صوبائی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورکس سروسز کے تحت مجموعی طور پر 622اسکیمیں شامل ہیں، جن میں 573 جاری اور 48 نئی ہیں۔2016 تا 2017 سے منظور شدہ اسکیموں کو اب ختم (Wind up) کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے ہدایات دیں کہ مکمل فنڈنگ والی 344 اسکیموں کی موجودہ مالی سال میں ہر صورت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بڑی وفاقی فنڈڈ اسکیموں میں سندھ کوسٹل ہائی وے (36 کلومیٹر)، روہڑی تا گڈو بیراج روڈ (105کلومیٹر)، ٹنڈو الہیار تا ٹنڈو آدم ڈوئلائزیشن (31.40کلومیٹر)، مہران ہائی وے نوابشاہ تا رانی پور (135 کلومیٹر)اور سانگھڑ تا نیشنل ہائی وے روڈ (221کلومیٹر)شامل ہیں۔

صوبائی وزیر جام خان شورو کو افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں میں صرف ایک بڑا منصوبہ شامل ہے، جو ایشیائی ترقیاتی بینک کے فنڈ کے تحت "سندھ فلڈ ایمرجنسی ریکنسٹرکشن 2022" ہے، اس منصوبے کے تحت 724 کلومیٹر سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی مکمل کی جا چکی ہے۔صوبائی وزیر برائے آبپاشی، منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو نے ہدایت کی کہ حیدرآباد میں محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے تعمیر ہونے والا اوور ہیڈ برج فوری طور پر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اہم منصوبوں کو 2027 تک ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ کی خصوصی ہدایت ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو سہولیات فراہم ہو سکیں اور ترقیاتی کاموں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات