منی پور، ضلع چندیل میںیونائیٹڈ کوکی لبریشن فرنٹ کے رہنما کے گھر پر پولیس چھاپے کے بعد کشیدگی

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 16:43

امپھال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء)شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کے ضلع چندیل میں پولیس کیطرف سے یونائیٹڈ کوکی لبریشن فرنٹ (یو کے ایل ایف) کے ایک رہنما کے گھر میں چھاپے کے بعد سخت کشیدگی پیدا ہو گئی ہے ۔ تنظیم نے چھاپے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے منی پور پولیس کو انتباہ جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یو کے ایل ایف نے ایک بیان میں چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین کارروائی ہے اور اگر ایسی کارروائی جاری رہیں تو وہ خاموش تماشائی نہیں بنے گی۔

تنظیم نے کہا کہ وہ ’ایس او او‘ معاہدے کی پوری طرح سے پاسداری کر رہی ہے لیکن پولیس نے چھاپہ مار کر معاہدے کی سنگین خلا ف ورزی کی ہے۔ادھر پولیس نے چھاپے کے حوالے سے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن یو کے ایل ایف کے خلاف نہیں تھا بلکہ یہ منشیات فروشوں کے ایک سرغنہ کو پکڑنے کا مشن تھا۔تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔