مولانا ہدایت الرحمن کی زیرِ صدارت گوادر میں پانی کی صورتحال بارے اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن کی زیرِ صدارت گوادر میں پانی بحران سے متعلق ایک اہم اجلاس گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوارڈنیٹر برائے پانی و چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالشکور خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میر جان بلوچ، پی ایچ ای سے انجینئر سلمان بلوچ سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گوادر میں جاری پانی کے بحران، سپلائی کی موجودہ صورتحال اور متعلقہ اداروں کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف انجینئر جی ڈی اے نے بتایا کہ شہر میں اس وقت پانی کی سپلائی جزوی طور پر بحال ہے اور شہر کے مختلف وارڈز اور محلوں کو باری باری پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں کے دوران شہر کو شادی کور ڈیم سے تقریباً 15 لاکھ جبکہ جی پی اے پلانٹ سے 5 لاکھ گیلن پانی دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ میرانی ڈیم سے بھی ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سپلائی شروع کر دی گئی ہے جسے بتدریج بڑھایا جا رہا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانی کی مینجمنٹ اور تقسیم کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے جی ڈی اے، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور وارڈ کونسلرز کی مشاورت و نگرانی میں مختلف وارڈز کو باقاعدہ طریقہ کار کے تحت پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ فی الحال شہر میں پانی کی سپلائی جزوی طور پر بحال ہے، تاہم آئندہ چند دنوں میں شادی کور ڈیم سے سپلائی کے حجم میں اضافہ اور میرانی ڈیم سے مزید ٹینکرز کے شامل ہونے سے بحران پر قابو پانے کی توقع ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل آل پارٹیز سمیت تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے نمائندوں سے مشاورتی ملاقات کی جائے گی تاکہ انہیں شہر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے اور ان کی رہنمائی حاصل کی جا سکے۔

اس ملاقات کی سربراہی ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن کریں گے جبکہ متعلقہ اداروں کے سربراہان اور نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔ بعد ازاں مولانا ہدایت الرحمن نے چیئرمین جی پی اے نورالحق بلوچ اور ڈی جی جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، اے ڈی سی عبدالشکور خان چیف انجینئر حاجی سید محمد اور انجینئر سلمان بلوچ کے ہمراہ سٹی واٹر اسٹیشن اور ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شادی کور ڈیم، میرانی ڈیم سے بذریعہ ٹینکرز اور جی پی اے پلانٹ سے پانی کی سپلائی کے عمل کا جائزہ لیا ۔

متعلقہ عنوان :