کمشنراور اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ نے رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر کا افتتاح کردیا

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ پنجاب طارق محمود رحمانی کے ہمراہ رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن آصف چوہان، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس الائیڈ ہسپتال ون، ٹو، ایف آئی سی ڈاکٹر محمد فہیم یوسف، ڈاکٹر محمد ظفر اقبال اور رانا ندیم بھی شریک ہوئے۔

رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان (آر ڈبلیو ٹی پی) کے زیر اہتمام ایک رفاعی ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے۔ یہ سنٹرنو پرافٹ، نو لاس پالیسی کے تحت عوام کو تشخیصی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر خون کے تمام ٹیسٹوں میں مارکیٹ کی دیگر لیبارٹریوں کے مقابلے میں 80 فیصد تک رعایت دے رہا ہے جو عوامی خدمت کا بہترین نمونہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آر ڈی سی میں آنے والے تمام مریضوں کو بلا امتیاز جدید لیبارٹری سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ یہ ادارہ عام شہریوں کی پہنچ سے دور مہنگے ترین اور جدید ٹیسٹوں کو کم لاگت میں فراہم کر کے عوام کو حقیقی ریلیف دے رہا ہے۔راجہ جہانگیر انور نے اس موقع پر کہا کہ رحمانی ڈائیگناسٹک سنٹر جدید مشینری اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے اور اپنی کارکردگی و معیار کے لحاظ سے کسی بھی بڑے سرکاری یا نجی میڈیکل سنٹر کے ہم پلہ ہے۔کمشنر فیصل آباد نے رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے رفاعی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے فلاحی منصوبے حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے عملی مظہر ہیں اور صحت عامہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔